لاہور میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب،ٹریفک بھی جام رہی
لاہور ( 92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بادل کھل کر برسے تو مسائل بھی کھل کر سامنے آ گئے ، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں چند گھنٹے برسنے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سےموٹر سائیکل سواروں سمیت دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔
لکشمی چوک کے قریب مسجد کے اطراف میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنارہا ، ادھر بارش نے اسپیڈ پکڑی تو ٹریفک اہلکار بھی غائب ہو گئے جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔
قصور کےنواحی علاقہ کھڈیاں میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئیں ، جبکہ پتوکی میں بارش اور تیز ھواٶں کے باعث مسجد کے مینار شہید ہوگئے ۔
دیپالپور میں مین شاہراہ پر تیز آندھی اور بارش کے باعث درخت ٹوٹ کر گاڑی پر گر گیا ، پنڈی گھیپ کے گاؤں سرگ میں طوفانی بارش سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں، بارہا شکایت کے باوجود واپڈا کا عملہ نہ پہنچ سکا ۔