Friday, April 19, 2024

بریفنگ نہیں، اب اپنی ٹیم کی کارکردگی دیکھوں گا ، وزیر اعظم

بریفنگ نہیں، اب اپنی ٹیم کی کارکردگی دیکھوں گا ، وزیر اعظم
July 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے ٹیم کی پرفارمنس پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا اور کہا بریفنگ نہیں بلکہ اب اپنی ٹیم کی کارکردگی دیکھوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومتی امور میں تاخیری حربے دکھانے والوں کو گھر کی راہ دکھانے کی بھی ٹھان لی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزراء، مشیران، معاونین کو بریفنگ کے بجائے اب کارکردگی دکھانا ہو گی۔ سیکریٹریز سمیت بیوروکریسی اور  اداروں کے سربراہاں کو بھی کارکردگی کے پیمانے سے جانچا جائیگا۔ حکومتی فیصلوں پر کتنا عمل ہوا؟ سب کو حقائق بتانا ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے سرکاری محکموں اور وزارتوں کی ہر بریفنگ کے اعداد وشمار اپنی ڈائری میں ریکارڈ کیے ہوئے ہیں۔ انکے سیکرٹری اعظم خان بھی تمام وزارتوں کی بریفنگ کو الگ سے ڈائری میں درج کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے دونوں ڈائریاں کھول کر تاخیری حربوں پر کئی افسران کی سرزنش بھی کی جبکہ ہر محکمے کی بریفنگ کے دوران اپنے ریکارڈ سے موازنہ بھی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی ٹیم پر بھی واضح کر دیا کہ وزارتیں ہوں یا ڈویژن ، حکومتی امور میں کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کروں گا ۔ صوبائی کابینہ اور افسر شاہی کو بھی اب کارکردگی کے ترازو پر تولہ جائے گا ۔