Thursday, March 28, 2024

صوابی میں پولیس مقابلہ ، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید ہو گئے

صوابی میں پولیس مقابلہ ، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید ہو گئے
July 8, 2020

صوابی ( 92 نیوز) صوابی کے علاقہ کالوخان میں مبینہ پولیس مقابلے میں ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید جبکہ دو محافظ زخمی ہوگئے۔ مقابلے میں پولیس کو مطلوب اشتہاری نصیرمارا گیا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مہم کے دوران کالوخان کے علاقہ احد کلے میں کارروائی کی ، ڈی پی او صوابی کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم نے مزاحمت کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، کارروائی کے دوران ڈی ایس پی رزڑ علامہ اقبال شہید ہوگئے۔

مقابلے کے دوران ڈی ایس پی کے دو محافظ شدید زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران اشتہاری نصیر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈی ایس پی علامہ اقبال کا تعلق ضلع چارسدہ کے علاقہ شبقدر سے تھا وہ یکم فروری 2020 کو ڈی ایس پی رزڑ صوابی تعینات ہوئے تھے۔