Thursday, April 25, 2024

دبئی کو طویل لاک ڈاؤن کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا

دبئی کو طویل لاک ڈاؤن کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا
July 7, 2020
دبئی (92 نیوز) دبئی کو طویل لاک ڈاؤن کے بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا۔ دنیا بھر سے سیاح پھر سے دبئی آ سکیں گے۔ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو دبئی حکومت نے خوشخبری سنا دی۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے دبئی کو سیاحت کیلئے کھول دیا گیا جبکہ سیاحوں پر عمر کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ۔ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی روشنیاں اور رعنائیاں ایک بار پھر بحال ہو گئیں۔ دبئی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند کئے گئے سیاحتی مقامات کو کھولتے ہوئے سیاحوں کو آنے کی اجازت دے دی۔ محکمہ سیاحت نے دبئی سفر کے حوالے سے 4 قواعدوضوابط کا اعلان کیا ہے۔ سیاح کو سفر سے قبل یہ چیک کرانا ہو گا کہ آیا دبئی کا ویزا لینا ضروری ہے یا نہیں۔ دبئی آمد ورفت کی بکنگ کرانی ہو گی۔ کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں اس کے اخراجات ادا کرنا ہوں گے۔ سفر سے 96 گھنٹےقبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا بھی لازمی ہو گا۔ دبئی محکمہ سیاحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ دبئی پہنچنے پر پی سی آر کی سہولت مہیا ہو گی البتہ دبئی آنے پر یہ ٹیسٹ کرانے کی صورت میں سیاح کو اس کا رزلٹ آنے تک خود کو آئسولیٹ کرنا ہو گا۔ اگر پی سی آر کا رزلٹ منفی آیا تو ایسی صورت میں سیاح ہوٹل سے نکل کر گھوم پھر سکتا ہے لیکن ٹیسٹ پوزیٹو آیا تو اسے ایسی صورت میں  خود کو ہاؤس آئسولیشن میں رکھنا ہو گا۔ دبئی جانے والوں کو سفر سے قبل میڈیکل فارم پر کرنا ہو گا اور قرنطینہ کی پابندی کا اقرار نامہ بھی پیش کرنا ہو گا۔ امارات ایئر اور فلائی دبئی اب تک 76 شہروں کیلئے پروازوں کا اعلان کر چکی ہیں۔ اس کے علاوہ بحرین، قاہرہ، تیونس، بیروت، خرطوم، عمان اور سکندریہ 7 عرب شہر بھی امارات اور فلائی دبئی کی پروازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔