Tuesday, April 23, 2024

مقبوضہ کشمیر، قابض بھارتی فوج کا سرچ آپریشن، 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر، قابض بھارتی فوج کا سرچ آپریشن، 3 کشمیری شہید
June 26, 2020
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، ضلع پلوامہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران مزید تین کشمیری شہید کردیئے، وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے بھارتی جارحیت پر جواب طلبی کا مطالبہ کردیا، ادھر سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے کشمیریوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کردی۔ جوں جوں کمانڈر بُرہان وانی کی برسی قریب آرہی ہے، جوں جوں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگری بڑھتی جارہی ہے، ایک طرف کورونا وائرس نے مقبوضہ کشمیر میں پنچے گاڑ رکھے ہیں تو دوسری جانب قابض بھاری فوج مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقےترال نشانہ بنا، جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران مزید تین نوجوانوں کو شہید کردیا گیا، چوبیس گھنٹوں میں شہادتوں کی تعداد پانچ ہوچکی ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر مودی کے مسلم دشمن اقدامات پر اقوام عالم کا ضمیرجھنجھوڑ ڈالا، تشدد کاشکار افراد کی حمایت کے عالمی دن پر اپنی ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ مودی کی ہندو توا حکومت کے حکم پر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج مظالم کررہی ہے، انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزی اور مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابل قبول ہے۔ امریکا کے سابق نائب صدر جوبائیڈن نے بھی ظلم کی چکی میں پستے کشمیریوں کی حالتِ زار پر آواز اٹھالی، کہتے ہیں پرامن مظاہرین کو روکنا، انٹرنیٹ کی بندش جیسی پابندیاں جمہوریت کو کمزور کرتی ہیں، بھارتی حکومت کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق لازمی بحال کرنے چاہیئے۔