Wednesday, May 1, 2024

پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، تمام ارکان اور اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، وزیراعظم

پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، تمام ارکان اور اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، وزیراعظم
June 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کہتے ہیں کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، تمام ارکان اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی۔ وزیراعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ جے پرکاش، شنیلہ رتھ، لعل چند، رمیش کمار، جمشید تھامس، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات میں پارٹی امور پر مشاورت نہ کرنے پر ارکان اسمبلی نے گلے شکوے کیے، ممبران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں، خصوصا اقلیتی برادری سے متعلقہ امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں جو کردار ادا کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے اپنی صفوں میں اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے اور اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ ادھر وزیراعظم سے کسان اتحاد کے وفد نے بھی ملاقات کی، کسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کسانوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، مشکل معاشی صورتحال کے باوجود زرعی شعبے کے لیے 50 ارب کا پیکیج دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کے نرخوں کے حوالے سے غور کی بھی ہدایت کی۔