Thursday, March 28, 2024

حکومت کا سپریم کورٹ کا جسٹس فائز عیسیٰ کیس کا فیصلہ من و عن تسلیم کرنیکا اعلان

حکومت کا سپریم کورٹ کا جسٹس فائز عیسیٰ کیس کا فیصلہ من و عن تسلیم کرنیکا اعلان
June 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ من و عن تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مشعل راہ ہے۔ وفاقی حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء اور پارٹی کے سینئر رہنماء شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران فیصلے کے قانونی نکات پر بریفنگ دی گئی۔ قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا۔حکومت  عدالتی فیصلے سے مطمئن ہے،یہ بہت احسن فیصلہ ہے۔شروع دن سے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ججز کے معاملات صرف سپریم جوڈیشل کونسل کو دیکھنے چاہئیں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ عدالت نے فیصلہ کیا کہ 7 روز کے اندر متعلقہ کمشنران لینڈ ریونیو ازخود انکم آرڈر 2001ء کے تحت محترم جج صاحب کی اہلیہ اور بچوں کے نام نوٹس جاری کریں گے۔ نوٹس جاری ہونے کے 60 روز کے اندر متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو ان کے دیئے گئے کاعذات کی روشنی میں ایک رپورٹ مرتب کرے گا، رپورٹ مرتب کرنے کے بعد 15روز کے اندر چیئرمین ایف بی آر کو بھیجے گا، 75 دن میں رپورٹ مرتب کرکے چیئرمین ایف بی آر کو پیش کردی جائے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا کہ حکومت نے پہلے بھی یہ معاملہ ایف بی آر کو بھیجنے کا کہا تھا۔