Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کا این سی او سی کا دورہ ، کورونا کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق بریفنگ میں شرکت

وزیراعظم کا این سی او سی کا دورہ ، کورونا کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق بریفنگ میں شرکت
June 18, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ میں شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سنٹر کا خصوصی اجلاس ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس میں اسد عمر اور میجر جنرل آصف محمود گورایہ نے کورونا پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ دی ۔ شرکاء کو اسپتالوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ، اموات اور مستقبل میں ممکنہ اندازوں کے متعلق آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں زندگیاں اور روزگار بچانے کی بحالی کی حکمت عملی پر شرکاء کے درمیان مکمل اتفاق رائے پایا گیا ۔ اجلاس  کے اعلامیہ  کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ گذشتہ 4 روز سے کورونا کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے  کہا کہ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں بیڈز، آکسیجن اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ پوری قوم متحد ہو کر اس وباء کا مقابلہ کرے ۔ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ متوازن حکمت عملی سے کیا ۔ آئندہ دو ماہ ہمیں متحدہ اور بھرپور طریقے سے وباء کا مقابلہ کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج  تحسین پیش کیا ۔