Friday, March 29, 2024

لاہور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن عائد کر دیا گیا

لاہور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن عائد کر دیا گیا
June 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) ضلعی انتظامیہ کی جانب سےکورونا وائرس کے باعث لاہور میں عزیز بھٹی زون کے متعدد علاقوں کو بھی سیل کر دیا گیا،ڈپٹی کمشنر قصور نے حکومت کو متعدد علاقوں کو سیل کرنے کی سفارش کر دی،گوجرانوالہ کے چھ علاقوں کو بھی بند کیا گیا ہے،جبکہ سیالکوٹ میں سیل کیے گئے علاقوں میں شہریوں کی جانب سے خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر کے متعدد علاقوں کو سیل کر دیا گیا لاہور میں ستاون علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد مزید علاقوں میں شہریوں کی آمدو رفت کو روک دیا گیا۔

گلستان کالونی کی گلی نمبرنو،ستائس،چھبیس،پانچ،آٹھ،پندرہ، تیرہ اور گیارہ کو سیل کر دیا گیا،شاہ کالونی کی گلی نمبر دو اور حفیظ پارک کی یو بی ایل والی گلی سمیت علی محمد پارک کی گلی نمبر تین کو بھی بند کر دیا گیا، پہلے سے بند علاقوں کے علاوہ گجا پیر روڈ کی گلی نمبر تین تاجپورہ روڈ اور تاجپورہ ای بلاک میں بھی رکاوٹیں لگا دی گئیں۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اور نظام آباد کی گلی نمبر ایک کو بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کر دیا گیا،گوجرانوالہ میں بھی کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر متعدد علاقوں کو سیل کیا گیا۔

سیٹلائٹ ٹاؤن، پیپلز کالونی ماڈل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، احمدنگر، قلعہ دیدارسنگھ کے علاقے بیریئر لگا کر بند کر دئیے گئے۔

قصور میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث آٹھ یونین کونسلز کے علاقوں کو بند کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر نے پنجاب حکومت کو تیرہ علاقوں کو چودہ روز کے لئے بند کرنے کا مراسلہ ارسال کر دیا۔

دوسری جانب سیالکوٹ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن برائے نام رہ گیا، سیل کیے گئے متعدد علاقوں سے پولیس اہلکار غائب ہیں،شہری خار دار تاریں اور بیریئرز ہٹا کر معمولات زندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔