Saturday, April 27, 2024

ملک کے 44 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، این ڈی ایم اے

ملک کے 44 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، این ڈی ایم اے
June 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت ملک کے 44 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ بلوچستان کے 29، خیبر پختونخوا 9، پنجاب ایک اورسندھ کے 5 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہیں۔ کے پی کے میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع متاثر ہیں۔ سندھ میں خیر پور، تھرپارکر، سکھر، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور جامشورو میں ٹڈی دل کے حملے زور پکڑ گئے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں میانوالی سے ٹڈی دل رپورٹ ہوا، ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ 1281 مشرکہ ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 38 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار 320 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان میں 6 ہزار 500 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں 1000 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔ پنجاب میں 20 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے ہوا، سندھ میں گذشتہ روز 800 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ اب تک پورے ملک میں 6 لاکھ 4 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔