Friday, April 26, 2024

حیدرآباد، ضلعی انتظامیہ نے نالوں سے کچرا نکال کر سڑکوں پر پھینک دیا

حیدرآباد، ضلعی انتظامیہ نے نالوں سے کچرا نکال کر سڑکوں پر پھینک دیا
June 14, 2020
حیدرآباد (92 نیوز) حیدرآباد میں ممکنہ بارشوں سے قبل محکمہ واسا، بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نالوں کی صفائی کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے، جن نالوں کی صفائی کی گئی ہے ان کا کچرا بھی سڑک پر پھینک دیا گیا ہے جس سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے۔ حیدرآباد میں گذشتہ سال بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے باوجود واسا، بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ کو ہوش نہ آیا، رواں سال بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شہر کے نالوں کی صفائی کے لئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے اور جن چند نالوں کی صفائی کی گئی ہے ان کا کچرا بھی سڑک پر پھینک دیا گیا ہے جو شہریوں کے لئے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے۔ بلدیہ کی جانب سے بھی کچرا نہ اٹھائے جانے کے باعث کچرا دوبارہ سیوریج کے نالوں میں جارہا ہے جس سے بارشوں کے دوران صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ برسات سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی کروائی جائے اور برساتی پانی کی نکاسی کے لئے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔