Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد اور پشاور چیمبر، کراچی کی تاجر برادری نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا

فیصل آباد اور پشاور چیمبر، کراچی کی تاجر برادری نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا
June 12, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد اور پشاور چیمبر اور کراچی کی تاجر برادری نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا جبکہ لاہور اور اسلام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجٹ کو موجودہ حالات کے مطابق متوازن قرار دیا ہے، سرکاری ملازمین نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان مسترد کردیا۔ فیصل آباد کے صنعت کاروں نے بجٹ مسترد کر دیا، صدر چیمبر آف کامرس راؤ سکندر اعظم اور دیگر کا کہنا تھا حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو کوئی ریلیف نہیں دیا، بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی نہ سیلز ٹیکس ختم کیا۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر مقصود انور نےکہا بجٹ میں غریب کیلئے کچھ نہیں، سرکاری ملازمین کے ساتھ زیادتی کی گئی، حکومت خود بجٹ کو خسارے کا بجٹ کہہ رہی ہے،ڈر ہے 6 ماہ بعد نظرثانی شدہ بجٹ نہ آجائے۔ اسلام آباد ایوان صعنت و تجارت کے صدر احمد وحید نے کہا بجٹ میں صنعتوں کوریلیف دینے سے مہنگائی میں کمی ہوگی، کاروبار دوست بجٹ پیش کیا گیا، کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی کم کی گئی۔ صدر لاہور چیمبر شیخ عرفان اقبال نے کہا موجودہ حالات میں بجٹ پیش کرنا آسان نہیں تھا، حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، شرح سود مزید کم کرنی چاہئے تھی، ایف بی آر کا ہدف کم ہونا چاہئے تھا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار اور دیگر عہدہدران نے کہا حکومت نے کسٹم ڈیوٹی کم کردی، بظاہر تو ریلیف نظر آرہا ہے، بجٹ کو زیادہ منفی یا مثبت نہیں کہا جاسکتا، پوشیدہ چیزیں سامنے آئیں گی تو پتہ چلے گا۔ کراچی کی تاجر برادری نے بجٹ مسترد کردیا، زبیر موتی والا نے کہا ٹیکسٹائل صنعت کو نظر انداز کردیا گیا، موجودہ صورتحال میں بجٹ پیش نہیں کرنا چاہئے تھا، حکومت پچھلا ہدف بھی حاصل نہیں کرسکی۔ تاجر رہنما کاشف چودھری نے کہا تاجر برادری کو عملا بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، نعیم میر نے کہا چھوٹے کاروبار کو نظرانداز کردیا گیا، ناکام حکومت کرونا کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے بجٹ پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا پنشن اور  تنخواہ میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ حیرن کن ہے،حکومت نے36 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کے زخموں پر نمک چھڑکا۔