Thursday, April 25, 2024

پیپلزپارٹی کے ایم این اے آغا رفیع اللہ کی چائنا کٹنگ کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

پیپلزپارٹی کے ایم این اے آغا رفیع اللہ کی چائنا کٹنگ کا ایک اور کیس سامنے آ گیا
June 12, 2020
 کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے کراچی سےایم این اے آغا رفیع اللہ کی چائنا کٹنگ کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔ ملیر ٹاؤن کی مدینہ کالونی سے متصل قبرستان کی اراضی کے سیکڑوں پلاٹ فروخت کر دیئے۔ ملیر کی مدینہ کالونی کے قبرستان پر قبضہ کرکےاپنے نام سے ہاوسنگ اسکیم بنا دی۔ مدینہ ٹاون اور ظفر ٹاون کے مکینوں نے آغا رفیع اللہ کےخلاف ملیر کورٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بتایا کہ محکمہ ریونیو اور ڈی سی آفس ملیر کے مختیار کاروں، پٹواریوں اور مقامی پولیس کی ملی بھگت سے لینڈ مافیا کے کارندوں نے قبرستان کی زمین پر چائنا کٹنگ کی۔ 80گز اور 120 گز کے سیکڑوں پلاٹ  تین لاکھ روپے سے لے کر چھ لاکھ روپے تک  میں فروخت کئے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ملیر میں پبلک پراسیکورٹر محمدعلی نے مظاہرین کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن قانونی مدد کی جائے گی۔ علاقے کے نوجوان نے بھی قبرستان کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کےخلاف آواز بلند کی۔ قبرستان میں کھڑے ہو کر قبضہ مافیا کو بےنقاب کر دیا۔ ذرائع کےمطابق ملیر ندی کی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ملیر ندی میں 10 ناموں سے غیر قانونی سوسائیٹز اور کئی گوٹھ ندی آباد کئے گئے ہیں۔ ان میں سرفہرست آغا گوٹھ ، بٹھل ٹاؤن، یارو گوٹھ، یار محمد گوٹھ، عباس ٹاؤن، خیبر سٹی ، سمر گارڈن فیز ون سے لیکر سمر گارڈن فیز تھری شامل ہیں۔ یہ زمینیں زرعی بنیاد پر 30 سالہ لیز پر حاصل کی گئی تھیں جو پلاٹ بنا کر فروخت کر دی گئیں۔