Friday, April 19, 2024

کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ، سندھ حکومت کا دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور

کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ، سندھ حکومت کا دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور
June 11, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سندھ حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن پر غور شروع کر دیا۔ سندھ حکومت نے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر عمل درآمد کا عندیہ دیدیا۔ وِزیراعلی مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کی تجاویز وسفارشات پر پارٹی قیادت سے بات چیت کی۔ سندھ کابینہ کے سینئر ارکان اور طبی ماہرین سے بھی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو ہفتوں کے لاک ڈاون اور دیگر پابندیوں پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہو گا۔ سندھ حکومت نے کورونا کی صورتحال پر چاروں صوبائی حکومتوں سے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کورونا کی حالیہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کیا جائے ۔ سخت لاک ڈاون کر کے مقررہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جا سکتی ہے۔ سندھ کابینہ ارکان نے تجویز دیتے ہوئے کہا وائرس کا پھیلاو نہیں روک سکتے مگر کورونا مریضوں کو ٹریس کرکے آئسولیٹ کر سکتے ہیں۔ وزرا کی تجویزعالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر حتمی فیصلہ اور اقدامات کا امکان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔