Friday, March 29, 2024

تفتان بارڈر کی بندش، پاکستان سے ایران کو آم کی برآمد میں شدید مشکلات کا سامنا

تفتان بارڈر کی بندش، پاکستان سے ایران کو آم کی برآمد میں شدید مشکلات کا سامنا
June 9, 2020
تفتان (92 نیوز) کورونا وائرس کے سبب تفتان بارڈر تاحال مکمل طور پر نہ کھل سکا، پاکستان سے ایران کو آم کی برآمد میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب پاکستان سے ایران کو آم کی برآمد میں مشکلات کا سامنا ہے تفتان سرحد کو ہفتہ میں تین روز محدود اوقات میں کھولی جا رہی ہے اور ایران سے آنے والی 75 گاڑیوں کو واپسی پر آم کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایل پی جی، سیمنٹ اوردیگر مصنوعات لانے والی ایرانی گاڑیاں آم کی ترسیل کے لیے غیرموزوں اور تعداد میں کم ہیں اور سرحد کھولنے کا دورانیہ اور گاڑیوں کی محدود تعداد کی وجہ سے ایکسپورٹرز کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتان بارڈر پر آم کے ٹرکوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور کھلے ہوئے کنٹینرز پر لدے ہوئے آم خراب ہونے کا خدشہ ہے اور اب تک 60 ٹرک تفتان بارڈر پر جمع ہوچکے ہیں۔ ایران کو آم کی ایکسپورٹ میں مشکلات سے یومیہ 70 ہزار ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان فروٹ اینڈ ویجییٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست وحید احمد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے پاک ایران سرحد کو ہفتہ میں سات روز کھولا جائے اور اوقات کار میں بھی اضافہ کیا جائے۔