Thursday, April 25, 2024

بھارت آگ سے نہ کھیلے ، مہم جوئی کی تو نتائج قابو سے باہر ہوں گے ، افواج پاکستان کا انتباہ

بھارت آگ سے نہ کھیلے ، مہم جوئی کی تو نتائج قابو سے باہر ہوں گے ، افواج پاکستان کا انتباہ
June 3, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) افواج پاکستان نے بھارت کو انتباہ کرتے ہوئے کہا بھارت آگ سے نہ کھیلے ، مہم جوئی کی تو نتائج قابو سے باہر ہوں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ایک بیان میں کہا بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے کئی بار خلاف ورزی کی ہے جسے مار گرایا گیا۔ اس کے باوجود بھارتی قیادت لانچنگ پیڈ سے دراندازی کی بات کر رہی ہے۔ ایل او سی پر کچھ عرصے سے صورت حال بہت تشویش ناک ہے۔ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے جس کیلئے پلوامہ جیسا ڈرامہ رچائے گا۔ بھارت کیلئے جواب ہے کہ ہم تیار ہیں، بھرپور طاقت سے جواب دینگے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارت ہم پر لانچ پیڈ کا الزام لگاتا ہے۔ یو این مبصر گروپ کو مکمل آزادی ہے ، پاکستان سائیڈ پر جہاں چاہیں آجا سکتے ہیں۔ عالمی میڈیا کو کئی بار ان علاقوں میں لے کر بھی جا چکے ہیں ۔ پاکستان نے کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا خطے میں تمام دیرینہ معاملات کا تعلق بھارت کے ساتھ ہے۔ بھارت وہاں بھی مداخلت کر رہا ہے جہاں اس کی سرحدیں نہیں ملتیں۔ بھارت جو الزام لگا رہا ہے اس کے شواہد کا تو آج کل ہونا مسئلہ ہی نہیں ۔ بھارت بھی یو این مبصر گروپ،عالمی میڈیا کو رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہو جائیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 7 سال کے بچے کو بھی معاف نہیں کیا۔ بھارت کا سب سے بڑا ڈراما پلواما ٹو تھا ۔ دن کی روشنی میں گاڑی کو تباہ کیا گیا تاکہ شواہد نہ مل سکیں ۔ بھارت اس ساری کارروائی کے ذریعے اسٹیج بنا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا بھارت کو بعض محاذوں پر بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت میں اسلاموفوبیا کی اٹھنے والی لہر کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے۔ بھارت نیپال سرحد پر نقشوں میں بھی بھارت کو بڑی شرمندگی ہوئی ہے۔ بھارت میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ معیشت کو دھچکے لگ رہے ہیں۔