Friday, April 19, 2024

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی نیب کا بلاوا آگیا

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی نیب کا بلاوا آگیا
June 3, 2020

کراچی ( 92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پھر نیب کے ریڈار پر آگئے ، نیب راولپنڈی نے مراد علی شاہ کو سندھ روشن پروگرام سے متعلق تحقیقات کےلیے کل طلب کرلیا ، وزیراعلیٰ سندھ پر غیرقانونی طریقے سے ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کےلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ، نیب راولپنڈی میں پھر پیشی کا بلاوا آگیا ، ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے سندھ روشن پروگرام سے متعلق تحقیقات کےلیے مراد علی شاہ کو4 جون کو صبح 11 بجے طلب کیا ہے ، مراد علی شاہ کو تیسری مرتبہ طلب کیا گیا ہے ،ایک بارپہلے بھی پیش ہو چکے ہیں۔

سندھ روشن پروگرام میں نیب راولپنڈی کرپشن کے 298 ملین روپے ریکور کر چکا ، منصوبے کے 4ملزمان اور2کمپنیوں نے پلی بارگین کی تھی ، پلی بارگین کرنے والوں میں عبدالستار قریشی ،عبدالرشید چنا ، اسلم پرویز میمن اور بلدیوشامل ہیں، ملزم عبدالستار اسی کیس میں وعدہ معاف گواہ بھی بن چکے۔

مراد علی شاہ کی پیشی کے حوالے سے نیب راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ سے سیکیورٹی بھی طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب  شہبازشریف کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے شدید دھکم پیل کی گئی ، ن لیگی کارکن  سکیورٹی اہلکاروں سے تلخ کلامی کرتے رہے، پولیس نے شہبازشریف کی آمد سے قبل ہی عدالتی حکم پر ہائیکورٹ کے راستوں سے تمام رکاوٹیں ہٹا دی تھیں۔