Friday, April 19, 2024

اپوزیشن کا اکٹھا نہ ہونا ایک المیہ، ذمہ دار ہم سب ہیں، خواجہ سعد رفیق

اپوزیشن کا اکٹھا نہ ہونا ایک المیہ، ذمہ دار ہم سب ہیں، خواجہ سعد رفیق
June 2, 2020
لاہور (92 نیوز) رہنماء مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا اکٹھا نہ ہونا ایک المیہ ہے اور اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی نام کا کوئی لفظ پی ٹی آئی حکومت کی وکیبلری میں نہیں۔ ملک میں ٹڈی دل آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا ہے۔ کورونا ٹیسٹ کا ریٹ 8 ہزار ہے، 8 ہزار روپے کسی کے پاس نہیں۔ حکومت نے ریاست پاکستان کو جنگل میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 صوبوں میں تو تحریک انصاف کی اپنی حکومت ہے، یہ ناکامی بزادر یا محمود خان کی نہیں بلکہ عمران خان کی ہے، ٹڈی دل افریقہ سے ہوتی پنجاب تک پہنچ گئی لیکن کنٹرول نہیں کیا گیا، موجودہ حکومت بحران کی ذمہ دار ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈینگی کا ٹیسٹ 900 سے 90 روپے میں لے کر آئے، کورونا کا ٹیسٹ 8 ہزار روپے کا ہے اگر ایک خاندان کو کروانا پڑے تو کیا ہوگا۔ 2 ہزار تک کورونا کی ٹیسٹ فیس لائی جا سکتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فواد چودھری سنجیدہ آدمی نہیں ان کا جواب نہیں دوں گا، مشکلات ہمارے لیے نئی نہیں ہیں یہ وقت بھی گزر جائے گا۔