Friday, March 29, 2024

سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بلا کا رش، حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر

سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بلا کا رش، حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر
May 31, 2020
 لاہور (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ تیز ہونے لگا۔ شہریوں نے احتیاطی تدابیر کی دھجیاں اڑا دیں۔ سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بلا کا رش ہے۔ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ کورونا سے بچنا ہے تو احتیاط ضروری ہے لیکن لاک ڈاؤن میں نرمی کیا ہوئی شہریوں نے سب کچھ بھلا دیا۔ صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں کی سبزی منڈیوں میں رش ایسا لگا جیسے زندگی کی آخری خریدو فروخت ہو۔ لاہور کی سبزی منڈی میں احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر شہریوں کا رش لگ گیا، کسی نے ماسک پہنا نہ گلوز کا استعمال کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں سینیٹائزنگ گیٹ تو لگا دیا گیا لیکن اس کو فعال نہ کیا جا سکا۔ گوجرانوالہ کی سبزی منڈی میں شہریوں اور آڑھتیوں کا ہجوم ایسا رہا کہ تل دھرنے کو جگہ نہ ملے۔ ایک دوسرے کے ساتھ ٹکراتے عوام خریدو فروخت میں ایسی مگن ہوئی کہ مؤذی مرض پھیلنے کا خدشہ بڑھنے لگا۔ شہری احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے متعلق مختلف ہیلے بہانے بنانے لگے۔ قصور کی سبزی منڈی میں بھی انتظامیہ کی جانب سے کوئی انتظامات نہ کیے گئے جبکہ پاکپتن میں لاک ڈاؤن کی باعث طلب کم ہونے سے سبزی اور مصالحہ جات منڈی میں پڑا خراب ہونے لگا۔