Tuesday, April 23, 2024

مسجد نبوی ﷺ کو دو ماہ بعد عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا

مسجد نبوی ﷺ کو دو ماہ بعد عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا
May 31, 2020
 ریاض (92 نیوز) فرزندانِ اسلام کیلئے خوش خبری آ گئی۔ مسجد نبوی کو دو ماہ بعد عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا۔ عوام کی کثیر تعداد نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز فجر باجماعت ادا کی۔ شمعِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروانوں کی عید ہو گئی۔ درِ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری پر تڑپتے دلوں کو قرار آ گیا۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں دو ماہ بعد عام شہریوں کیساتھ باجماعت نماز کی ادائیگی پھر سے شروع ہو گئی۔ فجر کی اذان ہوئی تو تیز دھڑکنوں اور نم آنکھوں کیساتھ ہزاروں فرزندان اسلام مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانب بڑھے جہاں کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے بھرپور حفاظتی انتظامات  کئے گئے تھے۔ مسجد میں داخلے کے وقت ہر نمازی کا درجہ حرارت چیک کیا گیا۔ نمازیوں نے بھی ایس او پیز پر مکمل عملدرآّمد کیا۔ تمام نمازیوں نے ماسک پہن رکھے تھے۔ اکثر نمازی اپنا جائے نماز ساتھ لے کر آئے جبکہ دیگر نے فرش پر ہی نماز ادا کی۔ اس دوران نمازیوں کے درمیان ایک ایک میٹر کا فاصلہ بھی رکھا گیا تھا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے دوران روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ نماز ادا کرنے والے ہزاروں تھے لیکن ساری دنیا کے مسلمان  در نبویﷺ پر نماز کی اجازت ملنے پر خوشی سے سرشار ہیں۔