Friday, March 29, 2024

مصباح الحق 46 برس کے ہو گئے ، آئی سی سی کی مبارکباد

مصباح الحق 46 برس کے ہو گئے ، آئی سی سی کی مبارکباد
May 28, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  اور موجودہ چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق 46 برس کے ہو گئے ، آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر پیج پر مصباح الحق کو مبارکباد دی۔

آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر پر مصباح الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  مصباح الحق نے طویل عمر میں بطور کپتان ٹیسٹ سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا،مصباح الحق نے 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ برابر کیا۔

آئی سی سی نے کہا کہ حیرت انگیز کھلاڑی مصباح الحق کو یوم پیدائش مبارک ہو ۔

28 مئی 1974 کو میانوالی میں جنم لینے والے مصباح الحق نیازی نے 8 مارچ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سے ڈیبیو کیا ، انہوں نے کیرئیرکے دوران 75 ٹیسٹ میچ کھیلے ، پانچ ہزار دوسو بائیس رنز بنائے  ،جن میں دس سنچریا ں اور 39 نصف سنچریاں  شامل ہیں ۔

مصباح نے ایک سو باسٹھ  ون ڈے  میں پانچ ہزار ایک سو بائیس رنز بنائے جن میں بیالیس نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

ون ڈے میں ان کا زیادہ سے زیادہ اسکو ر 96 رنز تھا اور وہ کوئی سنچری نہ کر سکے ، مصباح الحق نے 139 ٹی 20میچزکھیلے اور 788 رنز بنائے،مصباح نے 14 مئی 2107 کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔

مصباح الحق انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرز کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

پاکستان مصباح الحق کی زیر قیادت ہی پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنا اور باضابطہ طور پر  کرکٹ کا گرز  مصباح الحق کے حوالے کیا گیا۔آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن اعزازی گرز دینے کیلئے خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے۔ انہوں نے ایک باوقار تقریب میں اعزازی گرز پاکستانی کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے حوالے کیا۔

اس موقع پر ڈیو رچرڈسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم بننا پاکستان کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ نمبرون ٹیم بننے پر پاکستانی ٹیم‘ بورڈ اور مصباح کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔