Friday, April 26, 2024

طیارہ حادثہ ، 92 نیوز رن وے پر طیارے کے رگڑ کھانے کی فوٹیج سامنے لے آیا

طیارہ حادثہ ، 92 نیوز رن وے پر طیارے کے رگڑ کھانے کی فوٹیج سامنے لے آیا
May 25, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ کیسے پیش آیا۔؟طیارے کی رن وے پر لینڈنگ کے وقت کیا صورتحال تھی۔ 92 نیوز رن وے کی ایکسکلوژو فوٹیج سامنے لے آیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کی اسکرین پر چلنے والی ایکسکلوژو فوٹیج میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ انجنز کے رن وے پر رگڑیں کھانے کے واضح نشانات موجود ہیں۔ فوٹیج دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے کے انجنز کافی دور تک رن وے سے رگڑیں کھاتے رہے ۔ فوٹیج میں کالے رنگ کے نشانات دور دور دکھائی دے رہے ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جی ایم پبلک ریلیشنزعبداللہ خان نے  نائنٹی ٹو نیوز پر چلنے والی ایکسکلوژو فوٹیج کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوٹیج کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کی ہی ہے۔ رن وے دوسری پروازوں کیلئے فعال ہے۔ عبداللہ خان نے کہا اس سانحہ پر بیان بازی کے بجائے انکوائری رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایئرمارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا کہنا تھا انہیں خدشہ ہے کہ حادثہ پائلٹ کی غلطی کے باعث پیش آیا۔ شاہد لطیف نے کہا طیارے نے لینڈنگ کی تو ایک میل تک انجز رگڑ کھاتے رہے، لیڈنگ کے باعث دونوں انجنز کو بیک وقت نقصان پہنچا، طیارے نے لینڈنگ کی تو گیئر ڈاؤن نہیں ہوئے۔ ونگ کمانڈر ریٹائرڈ نسیم احمد نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پائلٹ نے جب لینڈنگ کی تو گیئر اپ تھے۔ لینڈنگ گیئر اپ ہوں تو انجن ہی رن وے سے ٹکراتا ہے۔ پائلٹ نے طیارہ جب دوبارہ اڑایا تو انجنز کو نقصان پہنچ چکا تھا۔ رن وے کے مناظر اور ہوابازی کے ماہرین کے تجزیہ سے چند سوالات جنم لیتے ہیں۔ پہلا سوال؟ کیا ایسی صورت میں جب انجنز رن وے سے رگڑیں کھانے کے بعد بری طرح متاثر ہو گئے۔ پائلٹ کو جہاز اوپر اٹھانا چاہیے تھا؟ دوسرا سوال؟ رن وے کے مناظر سے پتہ چل رہا ہے طیارہ کافی دور تک رگڑیں کھاتا رہا۔ اور ایسی صورت میں انجنز کو شدید نقصان پہنچا۔ کیا ایسی حالت میں پائلٹ کا طیارہ کا اوپر اٹھانا درست فیصلہ تھا۔ تیسرا سوال؟ کیا وجہ ہے کہ پائلٹ کو لینڈنگ گیئر نہ کھلنے کا پتہ بروقت نہ چل سکا۔۔؟