Thursday, April 18, 2024

ادویات درآمدی اسکینڈل، وفاقی کابینہ کے فیصلے میں وزیراعظم آفس کی جانب سے ترامیم کروائی گئیں

ادویات درآمدی اسکینڈل، وفاقی کابینہ کے فیصلے میں وزیراعظم آفس کی جانب سے ترامیم کروائی گئیں
May 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) بھارت سے ادویات درآمد کرنے کے اسکینڈل کی تحقیقات میں نیا انکشاف ہو گیا۔ 9 اگست کے وفاقی کابینہ کے فیصلے میں وزیراعظم آفس کی جانب سے 25 اگست کو ترامیم کروائی گئیں۔ 92 نیوز کو موصول انکوائری رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وفاقی کابینہ نے 9 اگست 2019 کو بھارت سے درآمدات پر پابندی لگائی لیکن 25 اگست کو کابینہ فیصلے میں وزیراعظم آفس سے تبدیلی کرائی گئی ۔ رولزآف بزنس کے  مطابق کابینہ فیصلے میں ترمیم کیلئے 24  گھنٹوں میں رجوع کرنا لازم ہوتا ہے اور سپریم کورٹ کے 2016 کے فیصلے کی روشنی میں وزیراعظم آفس منظوری دینے کا مجاز نہیں ہے۔ کابینہ فیصلے کے بعد مشیر تجارت رزاق داود اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے ملاقات کی اور کابینہ فیصلے میں ترامیم پر اتفاق کیا۔  وزارت تجارت نے 24 اگست کو کابینہ ڈویژن کو فیصلے میں ترمیم کیلئے خط لکھا لیکن حیران کن طور پر کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر ظفرمرزا نے ارکان کے سوالات پر لاعلمی کا اظہار کیا۔ انکوائی ٹیم نے ڈاکٹر ظفرمرزا کی ڈی جی ٹریڈ پالسی محمد اشرف کیساتھ رابطے پر بھی انکوائری مکمل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات درآمد کرنے کے فیصلے میں حکومت پریشان ہے اور معاملہ نمٹانے کیلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔