Friday, April 26, 2024

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران کا خدشہ

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران کا خدشہ
May 18, 2020
 لاہور (92 نیوز) آج سے تین صوبوں میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فلور ملز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومتی رویہ کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نے آج سے پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ فلور ملز ایسوسی کے مرکزی چئیرمین عاصم رضا کا کہنا تھا جب ہمیں گندم ہی نہیں آئے گی تو ہم کام کیسے چلائیں گے، ہماری ملز سے گندم اٹھائی جا رہی ہے، ہمیں اسمگلر کہا جاتا ہے ۔ کیا ایک شہر سے دوسرے شہر سامان بھیجنا اسمگلنگ ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی رویے کے خلاف پنجاب بھر میں ہڑتال کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ چئیرمین پنجاب زون فلور ملز ایسوسی ایشن عبدالرؤف مختار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے ناجائز چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور انتظامیہ کا  فلور ملز میں داخلہ ممنوع قرار دیا جائے جبکہ گندم کی مصنوعات کو بین الاضلاعی اور بین الصوبائی آزادنہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیدران کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہڑتال جاری رکھیں گے جبکہ کل سے مارکٹ میں سپلائی بند کر دیں گے۔