Wednesday, April 24, 2024

سندھ میں کورونا کے مزید 18 مریض چل بسے ، مجموعی اموات 218 ہو گئیں

سندھ میں کورونا کے مزید 18 مریض چل بسے ، مجموعی اموات 218 ہو گئیں
May 12, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں کورونا سے مزید 18 مریض چل بسے جبکہ صوبے میں اب تک موذی وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 218 ہو گئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق کہا کہ  آج مہلک وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں ،  اب تک صوبے میں  218 اموات ہو چکی ہیں جب کہ  24 گھنٹے میں کل چار ہزار 64 افراد  کا ٹیسٹ لیا گیا  جن میں سے 593  کا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اب تک سندھ میں کل 99 ہزار 117 افراد کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں جں میں سے  12 ہزار 610 افراد میں کورونا پایا گیا ۔ اس وقت 10ہزار 163 مریض زیرعلاج ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق  8 ہزار 668 مریض گھروں، 915 آئسولیشن مراکز اور 580 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 27 وینٹی لیٹرز پر ہیں،   کراچی میں 412 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،  ضلع جنوبی میں  124، ضلع شرقی میں  92 اور ضلع وسطی میں 63نئے کیسز سامنے آئے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ  کورنگی  میں  51، ضلع غربی میں  45 اور ملیر میں 37 مزیدکیسز رپورٹ ہوئے، جیکب آباد 41میں  ، حیدرآباد میں  24،گھوٹکی میں  22   اور   سکھر میں 9  نئے کیسز  ظاہر ہوئے جبکہ ٹنڈوالہیار میں  4، لاڑکانہ میں  3، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور میں2،2 مزید مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔

مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے خبردار کردیاکہ کل لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر کسی نے عمل نہیں کیا،  ایسا طریقہ کار نہ اپنایا جائے کہ حکومت کو دوبارہ سختی کرنا پڑے۔  انہوں نے نرسز کے عالمی دن پر  پیغام دیتے ہوئے کہا کہ  آج  جدید نرسنگ کی بانی فلورینس نائیٹ اینگل کا جنم دن بھی ہے،  میں تمام نرسز، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔