Thursday, April 18, 2024

تاجروں کا طویل انتظار ختم ، کاروباری سرگرمیاں بحال

تاجروں کا طویل انتظار ختم ، کاروباری سرگرمیاں بحال
May 11, 2020 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) تاجروں کا طویل انتظار ختم ہو گیا ۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی۔ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔ چھوٹی دکانیں ، تعمیراتی شعبے، برآمدی صنعتیں اور باربر شاپس کھل گئیں۔

دکانیں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہفتے میں 4 دن دکانیں کھلیں گی۔ شاپنگ مالز، ہوٹلز، مارکیز اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ اسلام آباد میں ہفتے کے 5 دن کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

اسلام آباد میں چھوٹی مارکیٹوں میں ایس او پیز کے ساتھ دکانیں کھولی جا سکیں گی۔ دکانیں ہفتے کے پانچ دن کھولنے کی اجازت ہو گی۔ جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس، گوشت، فروٹ شاپس اور تندور ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

شہر اقتدار میں تعمیراتی سیکٹر کے ساتھ ساتھ اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرانکس آلات، پینٹس کی انڈسٹری کھول دی گئی، سینٹری ورکس اور ہارڈ ویئر کی دکانوں کے ساتھ کریانہ سٹورز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

بلوچستان حکومت نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد لاک ڈاؤن کو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا اور چھوٹی مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی، تاہم دکانداروں کیلئے ایس او پی لازمی قرار دیا گیا۔

سندھ میں آج سے صبح 8 تا شام 4 کاروبار کھلیں گے ۔ جلوس، اجتماعات، پبلک ٹرانسپورٹ ، سینما، تفریحی مقامات پر پابندی برقرار ہے۔ شاپنگ پلازے، تعلیمی ادارے اور دفاتر بھی بند رہیں گے۔  شام 5 سے صبح 8 بجے تک کسی شہری کو نقل وحرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ محکمہ اوقاف، انسانی حقوق، صنعت و تجارت اور انفارمیشن سمیت 11 محکمے کھولنے کا اعلان بھی کر دیا گیا۔