Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کردی

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کردی
May 9, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کردی، بڑے شاپنگ مالز کے علاوہ تمام دکانیں پیر کے روز سے کھل جائیں گی۔ کورونا وائرس سے بچائو کےلئے خیبرپختونخوا میں کیا گیا لاک ڈائون میں پچاس روز بعد نرمی کردی جائے گی۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ ریلیف کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پیر گیارہ مئی سے صوبے کی تمام دکانیں کھل جائیں گی۔ اعلامیہ میں تو شاپنگ مالز کو بند رکھنے یا کھولنے سے متعلق کوئی ذکر نہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ ذرائع کے مطابق شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے فیصلے کے مطابق لاک ڈائون کے دوران جن دکانوں کے کھلنے پر پابندی تھی وہ دکانیں اب ہفتے میں صرف چار دن کھلیں گی، وہ بھی صبح آٹھ بجے سے چار بجے تک، صوبے میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈائون رہے گا۔ گورنرخیبرپختونخوا سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنرسیکریٹریٹ بھی پیر گیارہ مئی سے کھول دیا جائےگا۔ ملازمین کو گیارہ مئی کو حاضری یقینی بنانے اور دوران ڈیوٹی ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔