Friday, April 19, 2024

شہر شہر نادرا سنٹرز پر لوگوں کا رش ، سماجی فاصلے کی دھجیاں اڑا دی گئیں

شہر شہر نادرا سنٹرز پر لوگوں کا رش ، سماجی فاصلے کی دھجیاں اڑا دی گئیں
May 5, 2020
 لاہور (92 نیوز) پنجاب میں لاک ڈاؤن کے باعث بند ہونے والے نادرا کے دفاتر کھلے تو شہری سماجی فاصلے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پہنچ گئے۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں شہریوں کو مالی امداد ملنے کے معاملے میں احساس کفالت سنٹر سے بائیو میٹرک تصدیق نہ ہونے پر شہریوں کو نادرا کے دفاتر بھجوایا جانے لگا۔ بارہ ہزار روپے کی امداد کے لئے لاہور میں نادرا دفتر کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ عام شہریوں کو بھی نیا شناختی کارڈ بنوانے اور اس کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا رہا۔ حجرہ شاہ مقیم میں بھی عوام کی سہولت کے پیش نظر کھولے گئے دفتر کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا۔ قصور میں بھی احساس کفالت کے اہل ہونے کے باوجود انگوٹھوں کے نشانات میچ نہ ہونے والے سائلین دفتر کے باہر جمع ہوئے۔ سائلین نے سماجی فاصلے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے نادرا دفتر کے گیٹ پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں نادرا کے دفتر کے باہر سیکڑوں مرد و خواتین کی سخت گرمی میں لمبی قطاریں لگ گئیں ، جن میں زیادہ تر تعداد ان شہریوں کی ہے جن کی احساس کفالت پروگرام میں انگھوٹھوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔