Friday, March 29, 2024

وینٹی لیٹر نہ ملنے پر ڈاکٹر کی موت ، وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا

وینٹی لیٹر نہ ملنے پر ڈاکٹر کی موت ، وزیراعلیٰ سندھ نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا
May 5, 2020
 کراچی (92 نیوز) وینٹی لیٹر نہ ملنے پر ڈاکٹر کی موت کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے انکوائری کا حکم دے دیا۔ تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی جو چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہے کراچی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا تھا ، مہلک وائرس میں مبتلا ادارہ امراض قلب کے سابق ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر فرقان انتقال کر گئے تھے ،ڈاکٹر کو کراچی کے کسی سرکاری اسپتال  میں بروقت طبی امداد نہ مل سکی تھی ۔ ڈاکٹر فرقان  کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد گھر میں قرنطینہ تھے ، طبیعت زیادہ بگڑنے پر سانس لینے میں مشکلات کے باعث مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا تھا لیکن  ان کو کوئی وینٹی لیٹر نہ مل سکا تھا ۔ سانس لینے میں شدید دشواری کے باوجود ڈاکٹر فرقان وینٹی لیٹر کیلئے تگ و دو کرتے رہے تھے ،  ان کی موبائل فون پر آخری گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ طبی سہولیات  نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔ جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر قیصر سجاد کا 92 نیوز سے  گفتگو میں کہنا تھا کہ وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹر فرقان کو گھر آنا پڑا ، وہ التجائیں کرتے رہ گئے لیکن وینٹی لیٹر نہ ملا اور ان کا انتقال ہو گیا ۔ ڈاکٹر قیصر سجاد نے صوبائی حکومتوں سے مربوط نظام بنانے کا مطالبہ کیا تھا  کہ مریض کو اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وینٹی لیٹر کا بتا دیا جائے اور اسے اس اسپتال کا بتا دیا جائے جہاں وینٹی لیٹر ہے تاکہ مریض دربدر خوار نہ ہوں۔