Thursday, April 25, 2024

پشاور بی آرٹی پراجیکٹ کیس ، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع

پشاور بی آرٹی پراجیکٹ کیس ، پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع
May 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پشاور بی آرٹی پراجیکٹ کیس میں سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کر دی۔ سپریم کورٹ میں پشاور بی آر ٹی پراجیکٹ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ درخواستگزار نے صوبائی حکومت کی اپیل پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ صوبائی حکومت ان اعتراضات کے جواب سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتی۔ درخواستگزار نے بار بار توڑ پھوڑ کا ذکر کیا تو جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ منصوبہ پر ایک قدم آگے تو دو قدم پیچھے والی مثال صادق آتی ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ بی آر ٹی منصوبہ عوام کے پیسہ سے بن رہا ہے اور صوبائی حکومت عوام کے پیسہ کی محافظ ہے۔ عوام کا پیسہ احتیاط  سے خرچ ہونا چاہیے۔ پیسہ ضائع ہو جائے تو بازپرس تو ہوتی ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے استفسار کیا منصوبہ کب مکمل ہو گا تو وکیل صوبائی حکومت نے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل کی تاریخ 31 جولائی ہے لیکن کورونا کی وجہ سے 25 دن کام رک گیا اور کنٹریکٹر نے تا حال نئی تاریخ نہیں دی۔ عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کر دی۔ درخواست گزار کے اعتراضات پر خیبرپختونخواہ حکومت سے جواب بھی طلب کر لیا  اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔