Thursday, March 28, 2024

بلاول بھٹو سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات، کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا

بلاول بھٹو سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات، کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا
May 3, 2020

کراچی  ( 92 نیوز) بلاول بھٹو  زرداری سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے ملاقات کی ، وزیرصحت عذرا پیچوہو، ڈاکٹر باری اور ڈاکٹر فیصل بھی  وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے ، بلاول بھٹو کو سندھ میں کورونا کی صورتحال اور روک تھام کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو عذرا پیچوہو، ڈاکٹر باری اور ڈاکٹر فیصل نے سندھ کے محکمہ صحت کے اقدامات سے آگاہ کیا ، بلاول بھٹو نے کہا کہ  کورونا وائرس کی وباء ملک میں ایک تشویش ناک صورت حال اختیار کرتی جارہی ہے،  بڑھتی اموات حکومتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی وجہ سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف بروقت اقدامات کا سلسلہ شروع ہوا، آج دنیا زندگیاں محفوظ بنانے کے حوالے سے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کررہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ملاقات کی ،  بلاول ہاؤس میں ہونے والی پی ایم اے وفد کی ملاقات میں  بلاول بھٹو زرداری نے  فرنٹ لائن پر اپنا موثر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کی جدوجہد کو خراج تحسین اور سلام پیش کیا ۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرنے والے پیرا میڈیکل اور لوئر میڈیکل اسٹاف کو بھی خراج تحسین پیش کیا،  بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈاکٹروں کے مسائل اور خدمات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ  ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے افراد ہمارے حقیقی ہیرو ہیں، کورونا وائرس سے زندگیاں بچانے والے طبی عملے کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی یہ سمجھتی ہے کہ کورونا وائرس کی وباء میں سب سے اہم رائے ڈاکٹرز کی ہے۔