Thursday, April 25, 2024

کورونا کے وار شدید سے شدید تر ، دس دن میں شرح چار گنا بڑھ گئی

کورونا کے وار شدید سے شدید تر ، دس دن میں شرح چار گنا بڑھ گئی
May 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے وار شدید سے شدید تر ہو ئے۔ دس دن میں شرح چار گنا بڑھ گئی۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ ملک بھر میں پوری  شدت سے بڑھنے لگا۔ ماہ اپریل کے آخری 10 روز کے دوران پاکستان میں کورونا کی وبا اس سے قبل چون روز سے بھی زیادہ پھیل گئی۔ پہلے 54 روز میں یومیہ اوسطاً کیسز کی تعداد 171 رہی جبکہ اپریل کے صرف آخری دس روز میں یہی شرح 4 گنا بڑھ گئی۔ کورونا کی صورتحال کے باعث ڈاکٹرز نے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا۔ صدر پی ایم اے ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ خدانخواستہ اگر ڈاکٹرز ہی آئسولیٹ ہو گئے تو مریض کہاں جائیں گے۔ ایسا نہ ہو کہ لوگوں کا علاج سڑکوں پر کرنا پڑے۔ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر سجاد نے بھی حکومت سے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ وائے ڈی اے بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر رحیم بابر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مکمل ڈاؤن کریں، اگر لاک ڈاؤن فیل ہو جاتا ہے تو کرفیو نافذ کرنا چاہیے۔ کورونا کے مصدقہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل کے صرف آخری دس روز میں ہونے والی اموات اس سے پہلے کے آٹھ ہفتوں کی اموات سے بھی زیادہ ہیں۔ انہیں دس روز کی صورتحال کو دیکھ کر ماہرین کو پالیسی اور حکمرانوں کو فیصلہ سازی کرنا ہو گی۔