Saturday, April 20, 2024

قادیانی جماعت آئین کو تسلیم کرکے ہی کسی کمیٹی یا کمیشن میں شامل ہو سکتی ہے ، پیر نور الحق قادری

قادیانی جماعت آئین کو تسلیم کرکے ہی کسی کمیٹی یا کمیشن میں شامل ہو سکتی ہے ، پیر نور الحق قادری
April 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا قادیانی جماعت آئین کو تسلیم کرکے ہی کسی کمیٹی یا کمیشن میں شامل ہو سکتی ہے۔ قادیانیوں کو قومی اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کے معاملے پر وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا قومی اقلیتی کمیشن میں قادیانیوں کی شمولیت پر کابینہ میں بحث ہوئی ، فیصلہ نہیں۔ قادیانی آئین پاکستان کے مطابق غیر مسلم ہیں۔ آئین اور دستور کو ماننے والے کو ہی کسی کمیٹی یا کمیشن میں شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر مذہبی امور کا  وضاحتی بیان  کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن نوٹیفکیشن جاری ہونے تک یہ اضطراب ختم نہیں ہو گا۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کو نہ ماننے والا کیسے کسی کمیشن میں شامل ہو سکتا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے قادیانیوں کو بطور غیر مسلم کمیشن میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے۔ اجلاس کے دوران ارکان نے کمیشن کی ہیئت پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ کمیشن کو معنی خیز بنانے اور اس کی خود مختاری کیلئے اقلیتی برادری کی نمائندگی کو بڑھانا ضروری قرار دیا۔ کابینہ نے مذہبی امور ڈویژن کی سمری کی اصولی منظوری دیتے ہوئے قادیانیوں کے ممبران کو کمیشن میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت  حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے بھی قادیانیوں کو قومی اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔