Friday, April 26, 2024

دنیا میں کورونا کی شدت میں کمی آنے لگی ، یومیہ اموات کم ترین سطح پر آگئیں

دنیا میں کورونا کی شدت میں کمی آنے لگی ، یومیہ اموات کم ترین سطح پر آگئیں
April 27, 2020
 لندن (92 نیوز) دنیا میں کورونا کی شدت میں کمی آنے لگی ۔ مارچ کے بعد یومیہ اموات کم ترین سطح پر آگئیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں تین ہزار سات سو اکاون مریض ہلاک ہوئے۔ ہر سو موت پھیلانے والے کورونا کا زور ٹوٹنے لگا۔ مارچ کے بعد یومیہ اموات کم ترین سطح پر آگئی۔ وہیں نئے کیسز کی تعداد میں بھی واضح کمی آنے لگی۔ چوبیس گھنٹوں میں تہتر ہزار آٹھ سو انسٹھ مریض سامنے آئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ اٹھہتر ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ یورپ میں موذی وبا کا پھیلاؤ کافی حد تک کم ہو گیا۔ برطانوی وزیراعظم صحتیابی کے بعد آج سے انتظامی امور سنبھالیں گے۔ اسپین میں بچوں کو چھے ہفتے بعد گھروں سے باہر کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ اطالوی وزیراعظم نے بھی چار مئی سے متعدد شعبہ زندگی کھولنے کا اعلان کر دیا۔ امریکا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار ایک سو ستاون افراد ہلاک ہوئے جو اکتیس مارچ کے بعد ریکارڈ ہونے والی سب سے کم یومیہ اموات ہیں۔ بہتر ہوتی صورتحال کے پیش نظر کولاراڈو، مسیسیپی، منی سوٹا، مونٹانا اور ٹینیسی میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا جبکہ نیویارک کے گورنر انڈریو کیومو نے بھی لاک ڈاؤن میں جلد نرمی لانے کا اعلان کیا ہے۔ دنیا کے کچھ ممالک میں کورونا کا زور برقرار ہے۔ روس میں چوبیس گھنٹوں کے دوران چھیاسٹھ مریض ہلاک ہوئے۔ متاثرین کی تعداد اسی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ادھر ترکی میں بھی مزید نناوے افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔