Friday, April 26, 2024

چمن بارڈر کھول دیا گیا، 25 پاکستانی ڈرائیورز کی وطن واپسی

چمن بارڈر کھول دیا گیا، 25 پاکستانی ڈرائیورز کی وطن واپسی
April 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پاک افغان چمن بارڈر کھول دیا گیا، 25 پاکستانی ڈرائیور وطن پہنچے، افغانستان سے واپس آنے والے تمام ڈرائیورز قرنطینہ منتقل کردیئے گئے۔ کورونا وائرس کے باعث بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے حکومت کے ٹھوس اقدامات کے تحت طور خم اور چمن بارڈر کو ہفتے میں دو دفعہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معید یوسف کے مطابق 300 پاکستانی چمن بارڈر کے ذریعے لائے جائیں گے، چھ ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک کے ذریعے اگلے ہفتے تک لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، متحدہ عرب امارات میں بے روزگار پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے 16 فلائٹس آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا، سنگا پور اور بحرین سے رہا ہونے والے قیدیوں کو بھی واپس لیا جائے گا۔ افریقہ اور امریکا کیلئے بھی خصوصی فلائٹس کا انتظام کرلیا گیا۔ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کردیا گیا۔ معید یوسف کا مزید کہنا تھا کہ 35 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں، واپسی پر مسافروں کو 48 گھنٹے تک قرنطینہ کیا جائیگا۔ تمام مسافروں کو ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافروں کو اپستال میں رکھا جائے گا۔ پالیسی زمینی راستے سے داخل ہونے والے پاکستانیوں پر بھی لاگو ہیں۔