Saturday, April 20, 2024

شہر میں لاک ڈاؤن ہے پیش نہیں ہو سکتا ، شہباز شریف

شہر میں لاک ڈاؤن ہے پیش نہیں ہو سکتا ،  شہباز شریف
April 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں نیب طلبی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے نیب لاہور کو تحریری جواب جمع کرا دیا  جس میں کہا شہر میں لاک ڈاؤن ہے پیش نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹرز نے آنے جانے سے منع کر رکھا ہے۔ شہباز شریف نے نیب کو خط میں لکھا کہ نیب کی حراست میں جسمانی ریمانڈ کے دوران مجھ سے آمدن ذرائع سمیت وسیع پیمانے پر تفتیش کی گئی۔ تفتیش کے دوران میں نے نیب کو تمام مطلوبہ اور موجود معلومات فراہم کر دی تھیں۔ جب بھی مجھے طلب کیا گیا تو میں نے مکمل تعاون کرتے ہوئے نہ صرف پیش ہوا بلکہ جوابات بھی دیئے لیکن افسوس کی بات ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے کیس میں بھجوائے گئے کال اپ نوٹس کے میرے جوابات کو نامکمل اور غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا میرے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ ڈیکلئرڈ اور متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے۔ میری عمر 69 سال ہے اور میں کینسر کا مریض ہوں جس کی وجہ سے میری قوت مدافعت انتہائی کم ہے۔ مجھے ڈاکٹروں نے سختی سے تاکید کی ہے کہ میں کورونا وائرس کی موجودہ جان لیوا صورتحال میں باہر نہ نکلوں۔ اس لئے میری نیب سے گزارش ہے کہ میری طلبی لاک ڈاؤن کے خاتمے اور ڈاکٹروں کی آئندہ رائے تک مؤخر کی جائے۔