Friday, April 26, 2024

ملک کے اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی ، سپریم کورٹ میں جمع رپورٹس نے بھانڈا پھوڑ دیا

ملک کے اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی ، سپریم کورٹ میں جمع رپورٹس نے بھانڈا پھوڑ دیا
April 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی کمی بارے سپریم کورٹ میں جمع رپورٹس نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں صرف 130 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ سب سے ذیادہ متاثرہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کیلئے صرف 130 وینٹی لیٹرز ہونے کا انکشاف ہو گیا۔ حکومت پنجاب نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں بتایا کہ ڈی ایچ کیوز کیلئے مزید 100 وینٹی لیٹرز جلد پہنچ جائیں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کیطرف سے جمع کرائی گئی سات صفحات پر مشتمل رپورٹ میں صوبائی حکومت نے بتایا کہ تمام اسپتالوں میں او پی ڈیز کو عدالتی حکم کے بعد فعال کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں سات لیبارٹریز روزانہ 3100 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ راولپنڈی، بہاولپور، وزیرآباد ، فیصل آباد اور ڈی جی خان میں بھی لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ خیبرپختونخواہ حکومت نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں صرف 55 وینٹی لیٹرز ہیں جن کو بڑھا کر 150 تک لایا جائیگا۔ صوبے میں 1225 افراد کیلئے کورنٹین سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ ہر فرد کیلئے الگ کمرے اور واش روم کی سہولت کے ساتھ 300 کمرے موجود ہیں۔ صوبے بھر کی لیبارٹریز میں روزانہ کی بنیاد پر 734 ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ مزید چار لیبارٹریز بنا کر روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کی تعداد کو 2000 تک لے جایا جائے گا۔ حکومت احساس پروگرام کے تحت 5.65 بلین روپے 942٫245 مستحقین کو دے گی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 13 اپریل کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولیات پر ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔