Thursday, March 28, 2024

فیصل آباد، مستحق خواتین میں دوسرے روز بھی رقوم کی تقسیم، پولیس کا ناروا سلوک

فیصل آباد، مستحق خواتین میں دوسرے روز بھی رقوم کی تقسیم، پولیس کا ناروا سلوک
April 10, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کے احساس پروگرام کے تحت فیصل آباد میں مستحق خواتین کو رقوم کی تقسیم کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، ویمن پولیس اہلکارمستحق خواتین کو دھکے دیتی رہیں۔ فیصل آباد کا احساس سنٹر، جہاں ویمن پولیس اہلکاروں میں شاید احساس نام کی کوئی چیز نہ رہی، سادہ لوح مستحق خواتین کو برا بھلا تو کہا اور دھکے بھی دئیے۔ امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران غلام محمد آباد سنٹر میں خواتین نے قطار توڑی، اور تھک کر زمین پر بیٹھیں تو آپے سے باہر ویمن پولیس نے انہیں آڑھے ہاتھوں لیا، خواتین کی عمر کا لحاظ کیا،، نہ ہی اپنے کئے پر شرمندگی ہوئی۔ غیر انسانی سلوک پر متعدد خواتین رو پڑیں، کچھ نے اپنی مظلومیت کا اظہار کیا اور مجبور ہو کر رقم حاصل کرنے کیلئے لائنوں میں لگی رہیں، نشاط آباد سنٹر پر بھی خواتین کا بے پناہ رش رہا، جہاں سماجی فاصلہ بھی نہ رکھا گیا، البتہ خواتین رقوم ملنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتی رہیں۔ چنیوٹ، جھنگ اور سرگودھا سمیت دیگر قریبی شہروں میں بھی مستحق خواتین میں دوسرے روز امدادی رقوم تقسیم کی گئیں، تاکہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران بہتر انداز میں اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔