Friday, April 19, 2024

کورونا، ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 20 لاکھ ڈالر گرانٹ کی منظوری

کورونا، ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کیلئے 20 لاکھ ڈالر گرانٹ کی منظوری
March 31, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے لیے 20 لاکھ ڈالرگرانٹ کی منظوری دیدی گئی، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان متوقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 20 لاکھ ڈالر گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے، یہ امداد ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ سے فراہم کی جارہی ہے، جس سے کرونا کی تشخیصی کٹس، ایمرجنسی میڈیکل سپلائی اور دیگر طبی آلات و اشیاء کی خریداری میں مدد ملے گی۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان متوقع ہے، جس کے لیے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ 16 اور 17 اپریل کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے مشترکہ اجلاس میں اپنا موقف پیش کریں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ فی کس آمدنی عالمی معیار سے کم ہونے پر خصوصی پیکیج کے حصول کیلئے کیس بنا کر پیش کردیا گیا، پاکستان کو بھی دیگر غریب ترین ممالک جیسا پیکیج ملنے کی توقع ہے، پیکیج کے تحت قرضہ معاف ہونے اور ان کی ادائیگیوں کو موخر کرنے کی اجازت دی جائے گی، پہلے سے طے شدہ ادائیگیوں کے شیڈول میں تبدیلی اور 3 سال تک پاکستان کو دو طرفہ قرضوں کی ادائیگی میں رعایت ملے گی، جبکہ ادارہ جاتی قرضوں کی مخصوص ادائیگیاں معاف ہونے کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب وزارت تجارت نے برآمد کنندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی خریداروں کے آرڈر منسوخی متعلقہ ملک میں پاکستانی ٹریڈ آفیسر رابطہ کریں۔ وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹرز غیر ملکی خریداروں کے نمبرز اور آرڈرز کی تفصیلات کی درست معلومات فراہم کریں تاکہ ان کی مدد کی جاسکے۔