Wednesday, May 8, 2024

وزیر اعظم نے کورونا ریلیف فنڈ، ٹائیگر فورس کا اعلان کر دیا

وزیر اعظم نے کورونا ریلیف فنڈ، ٹائیگر فورس کا اعلان کر دیا
March 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کورونا ریلیف فنڈ اور کورونا  ٹائیگر فورس کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان میں  اکاؤنٹ ہوگا ، پرسوں سے اس اکاؤنٹ میں جو بھی پیسہ ڈالے گا  اس سے کسی قسم کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے ،  اگر آپ وہ پیسہ ٹیکس میں ڈکلیئر کریں گے تو آپ کو ٹیکس میں چھوٹ ملے گا، ان پیسوں سے ہم بیروزگار لوگوں کیلئے  ماہانہ فنڈ  دیں گے ، اس سے لوگوں کو پیسہ پہنچائیں گے ، اگر کورونا کی  وباء لمبی چلی تو  ظاہر ہے ہمیں پیسے  چاہئے ہوں گے ۔

قوم سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ  ساری دنیا میں اب تک  کورونا کے خلاف کامیاب ملک چین  رہاجس  نے تقریباً دو کروڑ لوگوں کو لاک ڈاؤن کر کے  کورونا وائرس پر قابو پایا ، اگر ہمارے بھی حالات چین جیسے ہوتے تو میں پاکستان کے تمام شہروں کو مکمل طور پر بند کر دیتا ۔

لاک ڈاؤن نہیں ہوگا

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  ہمارا ہاں  مسئلہ یہ ہے کہ ہماری 25 فیصد آبادی غربت میں رہتی ہے ، جنہیں  دو وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں ہوتی ، ان کے اوپر بیس فیصد ایسے لوگ ہیں جو غربت کی لکیر کے گرد ہیں ، ایک جھٹکا پڑنے سے وہ بھی نیچے آ سکتے ہیں ۔ا گر ہم لاک ڈاؤن کرتے ہیں اور ان لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے ، تو یاد رکھیں کسی قسم کا لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہوگا، لاک ڈاؤن کریں اور کچی آبادیوں کے لوگوں کو  ایک ایک کمرے میں بند ہونے کا کہیں اور انہیں کھانا بھی نہ پہنچا سکیں  تو ایسا ممکن نہیں ۔ اسلام آباد کے بڑے لوگ بند رہ جائیں تو بھی لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہو گا کیوں کہ اگر غریب علاقوں میں لوگوں نے لاک ڈاؤن نہ مانا تو وہاں سے وائرس پھیل کر امیروں کے علاقوں تک آئے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے وزیر اعظم کو کورونا وائرس ہو گیا ، یہ بیماری امیر غریب کو نہیں دیکھتی ، آپ خود سمجھ لیں کہ آج جو امریکا کا حال ہے  اس سے اندازہ کر لیں کہ صرف وسائل سے یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سارا ہندوستان  لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے لیکن وہاں کے حالات دیکھیں کہ ان کے وزیر اعظم نے اپنی قوم سے معافی مانگی ہے  اور کہا کہ ہے کہ ہم نے سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کر دیا تھا۔ اب ان کا مسئلہ یہ ہے کہ اگر وہ اس لاک ڈاؤن کو ہٹاتے ہیں تو کورونا پھیل جائے گا ، اگر وہ جاری رکھتے ہیں تو  لوگ  بھوک سے مرنے کا خدشہ ہے ، بھارت میں  لوگ  آج بھی سڑکوں پر آئے ہیں ۔ اس لئے  میں اپنی قوم سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ جنگ حکمت سے لڑنی ہے ، سب سے پہلے اپنے ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے حکمت استعمال کرنی ہے ، ہمارے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جب کسی علاقے کو لاک ڈاؤن کریں گے تو کیا وہاں  کے غریبوں کو کھانا پہنچا سکیں گے اگر انہیں تو وہاں پر  لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہو سکتا۔

پاکستان کا امریکا سے موازنہ

وزیر اعظم نے کہا کہ  میں  امریکا اور پاکستان کا موازنہ کرنا چاہتا ہوں ،  ہم نے بہت مشکل سے پاکستان  کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج دیا ہے جو قریب 8 ارب ڈالر بنتا ہے ، امریکا نے جو ریلیف پیکیج دیا ہے وہ قریب دو ہزار ارب ڈلر بنتا ہے ، وہ ایک امیر ملک ہے ۔ ہمارے پاس  سب سے بڑی چیز  ایمان ہے ،ایمان سب سے بڑی طاقت ہے ، دوسری طاقت ہمارے پاس نوجوان آبادی ہے ، ہم دنیا کی دوسری نوجوان آبادی ہے ،  ان دو طاقتوں کا  استعمال کرنا ہے ،  کورونا وائرس کی جنگ جیتنے کیلئے یہ دو پاکستان کی طاقتیں ہیں ۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس

وزیر اعظم نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا اعلان  کیا ، کہا کہ کورونا کی ریلیف کیلئے ٹائیگر فورس  کا اعلان کر رہا ہوں ، یہ نوجوانوں کی وہ فورس ہے جو ہماری کمی کو پورا کرے گی ، یہ ہماری فوج اور انتظامیہ کیساتھ مل کر حالات کا مقابلہ کرے گی ، کورونا کتنی تیزی سے پھیلی گی کوئی نہیں جانتا ،  وزیر اعظم ہاؤس میں ایک مانیٹرنگ ٹیم بیٹھی ہے جو اس کا جائزہ لے رہی ہے ، ایک ہفتے میں  قوم کو بتا دیں گے کہ  وباء کی صورتحال کیا ہے ۔

ٹائیگر فورس کا کام

انہوں نے کہا کہ  ٹائیگر فورس کا کام ہوگا کہ یہ ان علاقوں میں کھانے پینے کا سامان پہنچائے گی جہاں لاک ڈاؤن ہوگا، یہ عوام کو آگاہی دیں گے کہ  خود کو قرنطینہ کیسے کرنا ہے ،  لوگ کورونا کے مریض کو مجرموں کی طرح دیکھنا شروع ہو جاتے ہیں ، کورونا وائرس بوڑھوں اور بیمار لوگوں کیلئے خطرہ ہے ، صرف چار سے پانچ فیصد لوگ ہیں جو اسپتال جاتے ہیں ، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں تمام  شعبے کے افراد  ڈاکٹر، نرس ، ڈرائیور ، انجینئر ہر طرح کے لوگ آسکتے ہیں ۔ ٹائیگر  فورس باقی اداروں کیساتھ مل کر وہ کمی پوری کرے گی جس کا ہمیں سامنا ہے ۔

کورونا ریلیف فنڈ

کورونا ریلیف فنڈ سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ اس کا نیشنل بینک آف پاکستان میں  اکاؤنٹ ہوگا ، پرسوں سے اس اکاؤنٹ میں جو بھی پیسہ ڈالے گا  اس سے کسی قسم کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے ،  اگر آپ وہ پیسہ ٹیکس میں ڈکلیئر کریں گے تو آپ کو ٹیکس میں چھوٹ ملے گا، ان پیسوں سے ہم بیروزگار لوگوں کیلئے  ماہانہ فنڈ  دیں گے ، اگر کورونا کی  وباء لمبی چلی تو  ظاہر ہے ہمیں پیسے  چاہئے ہوں گے ۔

ذخیرہ اندوزوں کے نام وزیر اعظم کا پیغام

ذخیرہ اندوزوں کے نام پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو لوگ ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں وہ جان لیں کہ ان کی وجہ سے لوگ بھوکے مریں گے ، جب ذخیرہ اندوزی کی جاتی ہے اور اشیاء کی کمی ہوتی ہے تو اس کو دیکھ کر لوگ گھبراہٹ و خوف میں چیزیں خریدنے لگ جاتے ہیں ، اس سے یکدم چیزوں کی قیمتیں آسمان پر چلی جاتی ہیں  اور غریب بھوکے رہ جاتے ہیں ، ملک میں اناج کی کوئی کمی نہیں ہے ، لوگوں کی بھوک  پر پیسہ بنانے والوں کو کہتا ہوں کہ آپ کو  کڑی سزا دلائی جائے گی ۔