Thursday, April 25, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 27 ہزار 370، 5 لاکھ 97 ہزار متاثر

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 27 ہزار 370، 5 لاکھ 97 ہزار متاثر
March 28, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتیں 27 ہزار 370اور متاثرین 5 لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئے، امریکا ایک لاکھ سے زائد کورونا متاثرین والا پہلا ملک بن چکا ہے، معاشی محاذ پر کورونا کو زیر کرنے کیلئے امریکی صدر نے 2.2 ٹریلین ڈالر کے سب سے بڑے پیکج کی منظوری دے دی۔ عالمی وباء نے کسی خطے کا کوئی ملک نہ چھوڑا۔ لاکھوں لوگوں کو بیمار اور ہزاروں کو ہلاک کرنے کے بعد کورونا وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہوچکا ہے۔ امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اٹلی اور اسپین میں کورونا وائرس نے قیامت برپا کر رکھی ہے، عالمی وبا کی اطالوی اور ہسپانوی تاریخ کا بدترین دن، گزشتہ روز یعنی 27 مارچ کو ریکارڈ کیا گیا، جب اٹلی میں 919 اور اسپین میں 773 ہلاکتوں کیساتھ، مرنے والوں کی مجموعی تعداد بالترتیب 9 ہزار 134 اور 5 ہزار 138 تک جا پہنچی۔ فرانس میں ہلاکتیں 19 سو 95 اور متاثرین تقریباً 33 ہزار ہو چکے ہیں، مخدوش صورتحال کے باعث ملک گیر لاک ڈاؤن میں 15 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اُدھر 289 ہلاکتوں کے بعد بیلجیئم کا لاک ڈاؤن بھی 19 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ دو روز کے دوران امریکا میں کم و بیش 35 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد امریکا دنیا کا پہلا ملک بن گیا، جہاں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ ملک میں ہلاک مریضوں کی تعداد 1700 سے زائد ہے۔ امریکی عوام اور کمپنیوں پر عالمی وبا کے معاشی اثرات کم کرنے کیلئے سینٹ اور کانگریس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے بھی ملکی تاریخ کے سب سے بڑے معاشی پیکج کی منظوری دیدی۔ گوگل نے بھی 800 ملین ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ دنیا 2009 کے معاشی بحران سے بھی بدتر کساد بازاری کا شکار ہو چکی ہے، 80 سے زائد ممالک ہنگامی امداد کی درخواست کر چکے ہیں، ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے 2.5 ٹریلین ڈالر درکار ہوں گے۔ اُدھر برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک بھی کورونا سے بیمار ہو گئے۔