Friday, April 26, 2024

کورونا کے وار ، بارسلونا کا کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

کورونا کے وار ، بارسلونا کا کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ
March 27, 2020
 میڈرڈ (92 نیوز) کورونا کے وار کے باعث ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہوں میں 70 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کر لیا۔ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کے میدان ویران ہونے لگے۔ دیگر کھیلوں کی طرح فٹبال کا شعبہ بھی زیر بحران ہے۔ ایسے میں اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا نے اپنے اربوں پتی کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 70فیصد تک کٹوتی کا فیصلہ کیا تو کھلاڑی برہم ہو گئے۔ بارسلونا اپنے کھلاڑیوں کو ہر ہفتے لاکھوں پاؤنڈ میچ فیس کی مد میں ادا کرتا ہے ۔ سپر اسٹار لیونل میسی ہفتہ وار پانچ لاکھ پاؤنڈ یعنی ماہانہ 20 لاکھ پاؤنڈ معاوضہ وصول کرتے ہیں ،انٹونیوگریزمین دو لاکھ 94 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ، لوئس ساریز  اور گیراڈ پیکو فی کس  دو لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ فی ہفتہ  معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ فٹبال ایونٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے کلب کی کمائی میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے۔ کھلاڑیوں نے بھی خود کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کر رکھا ہے۔ بارسلونا کلب انتظامیہ کا کہنا ہے انہوں نے عارضی طور پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم کھلاڑی فیصلہ مانتے نظر نہیں آرہے۔