Thursday, April 25, 2024

کورونا سے مزید 1429 افراد ہلاک ، کل تعداد 14ہزار 436 ہو گئی ‏

کورونا سے مزید 1429 افراد ہلاک ، کل تعداد 14ہزار 436 ہو گئی ‏
March 22, 2020

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مزید 1429 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 14 ہزار 436 ہو گئی ہے ۔ دنیا بھر میں 27 ہزار  144 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ متاثرین کی کل تعداد 3 لاکھ  32 ہزار 134 ہو چکی ہے ۔

مہلک کورونا وائرس کے دنیا بھر میں وار جاری ہیں ، خصوصاً اٹلی میں  کورونا کے باعث اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے  جہاں روزانہ سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں ۔اٹلی میں آج 651 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 5ہزار 560 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ،  ملک میں اب تک 59ہزار 138افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔

اسپین میں  آج کے روز کورونا وائرس کے باعث 375 افراد موت کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ3ہزار 107 نئے کیسز سامنے آئے ۔ اسپین میں اب تک ایک ہزار 756 افراد ہلاک اور 28 ہزار 603 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں ۔

ایران میں کورونا کے باعث آج 129 افراد چل بسے جبکہ مجموعی طور پر 1685 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ،  ایران میں آج  سامنے آنے والے کیسز کی تعداد ایک ہزار 28 ہے  ، جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 21 ہزار 638 افراد متاثر ہوئے ،  جن میں سے 7 ہزار 635 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی۔

سپر پاور امریکا میں بھی خطرناک کورونا وائرس آج 89  زندگیاں نگل گیا ، امریکا میں اب تک 391 افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ، 8 ہزار 594 افراد میں کورونا وائرس تشخیص ہوا ہے جبکہ کل متاثرین کی تعداد 32 ہزار 801ہے ۔

جرمنی بھی کورونا وائرس کے حملے سے محفوظ نہ رہ سکا ،  آج جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد 8 ہے جبکہ نئے کیسز 2ہزار 350 رپورٹ ہوئے ہیں ۔ جرمنی میں کل 92  افراد کورونا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ 24 ہزار 714 افراد متاثر ہوئے ۔

برطانیہ میں آج 48 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے جس کے بعد کل اموات کی تعداد 281 ہو گئی جبکہ آج 367 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 5 ہزار 683 ہو گئی ۔

نیدر لینڈز میں کورونا وائرس 43 زندگیاں نگل گیا ، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 179 ہو گئی جبکہ آج 573 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 4ہزار 204 ہو گئی ہے ۔

انڈونیشیا میں آج 10  افراد جاں بحق ہوئے ، اموات کی کل تعداد 48 جبکہ 64 نئے کیسز کیساتھ متاثرین کی تعداد 514 ہو گئی ۔بیلجیئم میں آج 8افراد ہلاک ہوئے ، ہلاک شدگان کی کل تعداد 75 ہے جبکہ آج 586 نئے کیسز سامنے آئے ۔

آسٹریا میں آج 8افراد مہلک وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد  ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ،310 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تعداد 3302 ہو گئی ۔

ایکواڈور میں آج 7 افراد کورونا کے باعث مر گئے ،ہلاکتوں کی کل تعداد 14 جبکہ 257 نئے مریضوں میں تشخیص کے بعد 789 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں ۔

چین میں آج کورونا وائرس سے 6افراد ہلاک ہوئے ، ہلاکتوں کی کل تعداد 3ہزار 261  ہے جبکہ 46 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 81 ہزار 54 ہو گئی ۔ کورونا وائرس چین کے صوبہ ووہان سے ہی دنیا بھر میں پھیلا تھا ۔ چین  اب تک 72 ہزار 440 افراد کو صحتیاب کر چکا ہے جب کہ  اس وقت متاثرہ کیسز کی تعداد صرف 5 ہزار 553 ہے ۔

فلپائن میں بھی 6 افراد زندگی سے گئے جس کے بعد  تعداد 25 جبکہ 73 نئے مریضوں کے ساتھ 380 کیسز ہو گئے ۔

عراق میں تین ،جنوبی کوریا ،پرتگال ،ملیشیا،یونان ،پولینڈ ،رومانیہ ،بھارت ،کولمبیا ،الجیریا ،ہنگری ،تیونس میں دو دو جبکہ سویڈن ،کینیڈا،سلووینیا،بحرین ،سائبیریا ،شمالی مقدونیہ ،انڈورا،برکینیا فاسو،افغانستان ،گوام ،موریتیس  میں ایک ایک شخص ہلاک ہو گیا۔