Tuesday, April 16, 2024

کورونا وائرس سے بچاؤ ، 7 سال سے کم سزا والے قیدیوں کو ضمانتوں پر رہا کرنے کا حکم

کورونا وائرس سے بچاؤ ، 7 سال سے کم سزا والے قیدیوں کو ضمانتوں پر رہا کرنے کا حکم
March 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ معمولی جرائم میں گرفتار 7 سال سے کم سزا والے قیدیوں کو ضمانتوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ دس سال سے کم سزا والے انڈر ٹرائل ایک ہزار تین سو باسٹھ قیدیوں کی ضمانت کے کیس کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے آگاہ کیا کہ انتظامیہ نے اڈیالہ جیل میں آمد و رفت بند کر دی ہے۔ کسی قیدی میں ابھی تک کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔ چین میں وائرس اس وقت پھیلا جب قیدیوں میں ہوا۔ ایران نے تمام قیدی نکال دئیے ہیں۔ خدانخواستہ یہاں کسی قیدی کو ہو گیا تو پھر قابو نہیں آئے گا۔ جیل میں تو صفائی ستھرائی کا بھی برا حال ہے۔ اسکریننگ کے بغیر کسی کو بھی جیل جانے یا باہر آنے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی حکومت سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کرکے قیدی کو ضمانت پر رہا کر سکتی ہے۔ جب غیر ضروری گرفتاریاں ہوتی ہیں تب ہی  جیل کی گنجائش کم ہوتی ہے۔ عدالت نے سات سال سے کم سزا والے معمولی جرائم میں گرفتار قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا اور قرار دیا کہ جو قیدی ضمانتی مچلکے نہیں دے سکتے ان کیلئے ڈپٹی کمشنر ایک آفیسر مقرر کریں۔ سماعت کے بعد ڈی سی اسلام آباد نے قیدیوں کی رہائی سے متعلق اعلان کیا۔ تین چار سو بھکاری جیل میں قید ہیں۔ بھکاریوں کو ضمانت پر رہا کر دیں گے، آوارہ گردی کے الزام میں گرفتاری قیدیوں کو بھی ضمانت پر رہا کریں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے واضح کیا کہ صرف ان قیدیوں کو رہا کیا جائیگا جن کے باہر آنے سے خطرہ نہ ہو۔