Wednesday, April 24, 2024

ن لیگ ، پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی کا وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار

ن لیگ ، پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی کا وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پر اعتماد کا اظہار
March 11, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے کئی ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ارکان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں مسلم لیگ ن کے چھ ارکان اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے ایک  رکن  نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے نشاط ڈھا اہا، اشرف انصاری ، فیصل خان نیازی ، محمد ارشد علی اور اظہر چنڈیا شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کےغضنفرعلی خان نے بھی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔ اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے ملاقات کا نوٹس لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام بھوک سے مر رہے ہیں اور حکومت وفاداریاں تبدیل کروانے میں لگی ہوئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے بھی غضنفرعلی خان کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کا نوٹس لے کر وضاحت طلب کر لی۔ ملاقات کرنے والے ارکان کو وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان کے حلقوں کے مسائل ترجیحی طور پر حل ہونگے۔ ان ارکان کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے نو مزید ارکان وزیراعلی پنجاب سے رابطے میں ہیں۔