Wednesday, May 8, 2024

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، بھارت سے کیڑے مار ادویہ کی درآمد کا معاملہ پھر مؤخر

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، بھارت سے کیڑے مار ادویہ کی درآمد کا معاملہ پھر مؤخر
March 10, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بھارت سے کیڑے مار ادویہ کی درآمد کا معاملہ پھر مؤخر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت ممکن نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے کابینہ اجلاس میں 12 میں سے 11 نکات کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں زبیر گیلانی کا استعفیٰ منظور ، آٹا اور چینی بحران پر رپورٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے بجلی، گیس کے بلوں کے اجرا کو جدید بنانے کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے قومی ایمرجنسی کی تجویز مسترد کر دی۔ کابینہ اجلاس میں تجویز وفاقی وزارت صحت نے دی تھی۔ وفاقی وزارت صحت کو ادویہ کی خریداری کیلئے پیپرا آرڈیننس 2002 میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزارت صحت صرف اسلام آباد کی حد تک ادویات کی خریداری کر سکے گی۔ قرنطینہ کی سہولیات پوری نہ ہونے کی بنا پر ایران سے طلبا کو بھی واپس نہیں لایا جائیگا۔ وزیر صحت کو طلباء کے والدین سے ملاقات کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا آٹا سے متعلق انکوائری رپورٹ ایک ہفتے میں آ جائے گی۔ انہوں نے کہا چینی مافیا سے مستقل بنیادوں پر نمٹنے کیلئے انکوائری کمیٹی کو مزید اختیارات دے دیئے گئے۔ حکومت نے مسابقی کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیئے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ڈی جی ایف آئی اے نے چینی کے مسئلے کے مستقل حل اور انکوائری مکمل کرنے کیلئے کابینہ سے مزید وقت مانگا ہے۔