Thursday, April 25, 2024

گرین ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے گھر میں چار افراد قتل کر دیے

گرین ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے گھر میں چار افراد قتل کر دیے
March 9, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور میں چار افراد کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا، گرین ٹاؤن  میں نامعلوم افراد نے  گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس سے باپ ، بیٹا اور دو بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں ، مقتولین کی اسحاق،ابوذر،عاطقہ اور حسنہ کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔ لاہور میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ملزموں نے باپ کی بیٹے اور دو بیٹیوں سمیت گولیاں مار کر  جان لے لی  ، فائرنگ کا واقعہ لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے  گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی اور پھر موقع سے فرار ہو گئے، مرنے والوں کی 50 سالہ اسحاق، 25 سالہ ابوذر،عاطقہ اور حسنہ کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کا کہنا تھا   دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار گھر کے باہر آئے ، ایک شخص  گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی ، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے ،فرانزک سائنس کی ٹیم نے موقع سے  اہم شواہد اکٹھے کر لیے۔ ایس پی صدر غضنفر کے مطابق  مقتول اسحاق 4 بچوں کا باپ تھا جس نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، مرنے والے بچے دوسری بیوی سے تھے۔ فائرنگ میں مقتول اسحاق کی بیوی بھی شدید زخمی ہوئی جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزموں کی تلاش بھی جاری ہے۔ تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقتول اسحاق کے بیٹے عروہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ، مقدمہ قتل،اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانےجبکہ زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقع کو نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔