Friday, April 19, 2024

ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی
March 7, 2020
راولپنڈی ( 92 نیوز) پی ایس ایل سیزن فائیو کا رنگا رنگ میلہ پاکستان میں جاری ہے ،ایونٹ کے 20ویں میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی راولپنڈی کے میدان میں  مقابل ہوئے ، بارش نے انٹری دی اور پھر پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھیڈ کے تحت 7 رنز سے شکست دیدی۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ، اسلام آباد یونائیٹڈ  نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا ڈالے ۔ اسلام آباد آغاز اچھا نہ کر سکا ، اور چھ کے مجموعی اسکور پر اوپنر لیوک رونکی چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ ٹاپ آرڈر رضوان حسین بھی شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ کپتان شاداب خان نے اوپنر کولن منرو کے ہمراہ  67 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں  کولن منرو 35 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، ان کی اننگز دو چھکوں اور چار چوکوں سے مزین تھی ۔ کپتان شاداب خان نے 77 رنز کی اننگز کھیلی ،انہوں نے 42 گیندیں کھیلیں ، چار چھکے اور پانچ چوکے بھی جڑے ۔ کولن انگرام نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 گیندوں پر 41 رنز بنائے ۔آصف علی اور فہیم اشرف تین تین رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی دو ،راحت علی ،وہاب ریاض اور کارلوس برتھویٹ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ پشاور زلمی  196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اترے اور خوب جارحانہ انداز سے آغاز کیا ، ڈیل اسٹین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پہلا اوور کیا جس میں صرف چار رنز بن پائے  مگر پشاور زلمی نے دوسرے اوور میں 7،تیسرے میں  11،چوتھے میں  15 ، پانچویں میں  9 رنز بنائے ۔ پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 44 کے اسکور پر گری جب  امام الحق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جارحانہ بلے باز کامران اکمل نے 21 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے ۔ ٹام بینٹن 20 اور حیدر علی 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے کہ 9 اوور کے اختتام پر  بارش نے انٹری دے دی  جس کے بعد میچ شروع  نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھیڈ کے تحتپشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو  7 رنز سے شکست دیدی۔