Friday, April 19, 2024

کرونا سے چین میں مزید 28 افراد ہلاک، دنیا بھر میں ہلاکتیں 3488 ہو گئیں

کرونا سے چین میں مزید 28 افراد ہلاک، دنیا بھر میں ہلاکتیں 3488 ہو گئیں
March 7, 2020
ووہان (92 نیوز) چین سمیت پوری دنیا میں کرونا وائرس کے وار جاری ہیں، چین میں مزید 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3488 ہو گئی، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ایک طرف چین میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا تو دوسری جانب دنیا میں تباہی پھیلانے لگا۔ امریکی ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے 12 واں شخص ہلاک ہو گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہو چکی ہے۔ امریکی ریاست نیویارک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے پریس بریفنگ کے دوران سان فرانسسکو کے پاس روکے گئے بحری جہاز کے 21 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے دوسری ہلاکت سامنے آئی ہے۔ ہلاک کونے والے شخص کا علاج جاری تھا پر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فرانس میں مزید دو افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ اسپین کے صوبے کتالونیا میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہو گئی ہے۔ اسپین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو چکی ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں کمی آنے لگ گئی۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 28 جان سے گئے۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 70 ہوگئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 55190 ہو گئی۔ کولمبیا میں وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔ وزیر صحت کے مطابق 19 سالہ مریض نے اٹلی کا دورہ کیا تھا۔ پیرو میں پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ جب کہ کوسٹا ریکا بھی متاثرہ ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کے مزید 15 کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 13 افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہیں۔ دوسری جانب عراق نے فرانس اور اسپین سے آنے والے افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کربلا شہر میں بھی غیر ملکیوں اور دوسرے صوبوں کے لوگوں کے آنے پر پابندی لگ گئی ہے۔