Saturday, April 20, 2024

پارک لین ریفرنس ، فرد جرم کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر

پارک لین ریفرنس ، فرد جرم کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر
March 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پارک لین ریفرنس کیس میں  فرد جرم کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی گئی ، احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی ، نیب نے اڈیالہ جیل میں قید خواجہ انورمجید پرویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کردی۔ میگا منی لانڈرنگ اورپارک لین ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی ، فریال تالپورسمیت دیگر ملزمان نے حاضریاں لگوائیں ، سابق صدرآصف علی زرداری علالت کے باعث پیش نہ ہوسکے۔ پارک لین ریفرنس کی سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیئے کہ 25 مارچ کو تمام ملزمان پیش ہوں ، فرد جرم عائد کی جائے گی ، استفسار  کیا  کہ خواجہ انورمجید کا کیا بنا ، نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ ملزم گرفتار ہے۔۔ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی تو جج نے تحریری درخواست دینے کی ہدایت کردی۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ویڈیو لنک پربیان اتنا آسان نہیں ، وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا ، میمو کیس میں بھی ملزم کا بیان ویڈیو لنک پر لیا گیا،  سابق صدر پرویز مشرف نے بھی بیان ویڈیو لنک پر دیا تھا  ، یہاں سے کوئی نہیں گیا تھا۔ جج نے استفسار کیا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے بیان کو لیگل کورکیسے دیں گے ، کیا عدالت اپنا نمائندہ بھجوائے گی ، جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ رجسٹرار کو بھجوایا جاسکتا ہے۔ عدالت نے تین ملزمان کو اشتہاری قرار دینے جبکہ تین کی جائیداد ضبط کرنے کا فیصلہ بھی دیا۔  عدالت نے  تین ملزمان یونس قدوائی، اعظم پرویز، اور حاجی ہارون کی جائیداد یں ضبط کرنے جبکہ نمر مجید ، علی کمال مجید اور پیر درویش  کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ویڈیو لنک پر بیان قلمبند کرنے تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے میگا منی لانڈرنگ کیس اور پارک لین ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔